ایکنا نیوز- جیو نیوز کے مطابق دونوں ممالک میں آج قرآن پاک کی بےحرمتی کے مزید واقعات رونما ہوئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سویڈن اور ڈنمارک کی حکومتوں نے اسلامی ممالک سے کشیدگی کم کرنے کے لیے ایسے واقعات کو قانونی طور پر محدود کرنے کے طریقوں پر جائزہ لینے کا کہا تھا۔
ڈینش وزیر خارجہ لارس راسموسن نے پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اسپیکرز سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ڈنمارک اور بیرون ملک دونوں جگہوں پر ہم اس پر کام کر رہے ہیں، اُمید ہے کہ ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے ان کو کم کرنے میں مدد ملے گی، ہم دباؤ کے تحت ایسا نہیں کر رہے بلکہ یہ ہم سب کے بہترین مفاد میں ہے، ہمیں صرف بیٹھ کر اس صورتحال کے بگڑنے کا انتظار نہیں کرنا۔
دوسری طرف سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے تمام 57 ممالک کو خطوط بھیجے ہیں، خطوط میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعات پر وضاحت اور اسلاموفوبیک کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور عراق کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا غیر معمولی اجلاس بھی آج ہو رہا ہے۔